کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کام نہیں کرنے دینگے، شہباز شریف کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں ،ان کے حمایتیوں اورسہولت کاروں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ صف آراء ہیں۔اسلام کے نام پر قتل و غارت اورکفر کے فتوے کسی صورت جائز نہیں اورنہ ہی حکومت ایسے فتوے جاری کرنے کی اجازت دے گی۔پنجاب میں غیر قانونی طورپر رہنے والے افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھجوائیں گے ۔دینی مدارس میں زیر تعلیم ایسے طلباء و طالبات جن کے ویزے کی میعادختم ہوچکی ہے انہیں بھی ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کام نہیں کرنے دینگے ۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کی باہمی مشاورت سے فوجی عدالتوں میں بھجوانے کیلئے دہشت گردی کے 43مقدمات وفاقی حکومت کو بھیج دیئے گئے ہیں جن میں سے 10فائنل ہوچکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مدارس کا مکمل سروے کرایا جارہا ہے ۔ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ چار سوکے قریب طلباء ایسے ہیں جن کے ویزے کی میعادختم ہوچکی ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو لکھ دیا گیا ہے کہ جس کے جواب پر انہیں پنجاب سے بے دخل کیا جائے گا۔ مدارس کی اکثریت دینی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں،انتہاء پسندی کے رجحانات کے فروغ میں بعض ادارے بھی جڑے ہوسکتے ہیں ، دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ کا نام ہے اوراسی مائنڈ سیٹ کو ہم نے ختم کرناہے ۔