شکارپور امام بارگاہ پر حملہ کے لیے خودکش حملہ آور کو بلوچستان سے لایا گیا تھا، قائم علی شاہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ شکار پور کے اصل حقائق سامنے آ گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز سمیت انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھرپور تعاون اور کوشش کے بعد سانحہ شکار پورکے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ملزمان کو گرفتار کرنے والے اہلکاروں کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شکارپور امام بارگاہ پر حملہ کے لیے حملہ آور کو بلوچستان سے لایا گیا تھا اور حملہ آور خان پو ر میں غلام رسول کے گھر ٹھہرا تھا، حملہ آور نے باقاعدہ ٹھیلے والا بن کر امام بارگاہ کی ریکی کی تھی۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ سانحہ شکار پور حملے کا کیس فوجی عدالت میں بھیج کر دہشت گردوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر کی پولیس کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان بھی کیا۔