کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہیگا، کور کمانڈر کراچی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کور کمانڈر کراچی ليفٹيننٹ جنرل نويد مختار نے کراچی آپريشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے، کہتے ہيں کہ نيشنل ايکشن پلان کے تحت تمام ادارے مل کر اقدامات کر رہے ہيں، جلد مزيد بہتری آئے گی۔ کراچی ميں رينجرز کے زيرِ اہتمام شوٹنگ چيمپئن شپ کی اختتامی تقريب منعقد کی گئی، جہاں کور کمانڈر کراچی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کيا گيا تھا۔ اِس موقع پر ميڈيا سے بات کرتے ہوئے ليفٹیننٹ جنرل نويد مختار کا کہنا تھا کہ کراچی آپريشن کے مجموعی طور پر اچھے نتائج آ رہے ہيں، جلد مزید بہتری آئے گی، رینجرز اس آپریشن کو لیڈ کر رہی ہے، ہمیں پچھلے مہنیوں میں اچھی کامیابیاں ملی ہیں، انہیں کامیابیوں کے ساتھ کراچی آپریشن جاری رہے گا، جب تک اس کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا دیا جائے۔ کور کمانڈر کراچی نے اغواء برائے تاوان ميں ملوث اہم کارندوں کی گرفتاری اور سياسی جماعتوں کے عسکری ونگز کا بھی ذکر کيا۔ کھيلوں سے متعلق سوال پر ليفٹیننٹ جنرل نويد مختار کا کہنا تھا کہ کھيل واحد ايسا شعبہ ہے، جہاں پوری قوم يکجا ہوتی ہے، لہٰذا سب کو اِس کی بھرپور حمايت کرنی چاہئے۔