کراچی میں ٹارگٹ کلر سیاسی پارٹیوں کے ہیں، ہر سیاسی پارٹی کے مسلح ونگز ہیں، غنویٰ بھٹو
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عوام پر پولیس اور ملٹری کورٹس مسلط کر دئیے گئے ہیں۔ ذوالفقار بھٹو کے دور میں لوگ ملک کی خاطر قربان ہونے کو تیار تھے۔ آج ملک کو بچانے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے۔ سیاسی پارٹیاں دہشتگردوں کو تحفظ دیتی ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلر سیاسی پارٹیوں کے ہیں، گلو بٹ کس کا ہے؟ ہر سیاسی پارٹی کے مسلح ونگز ہیں۔ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسوں کا نظام غلط ہے، ٹیکسوں کا نظام گراس روٹ لیول سے اوپر کی طرف جانا چاہئے، یہ غلط ہے کہ اسلام آباد سارے ملک سے ٹیکس اکٹھے کرے پھر اپنی مرضی سے جسے چاہے جتنا مرضی حصہ دے اس نظام میں بلوچستان کو آبادی کم ہونے پر سب سے کم حصہ ملتا ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں حالات دیکھیں۔ ملک میں نوجوان کس پارٹی سے سیاست میں حصہ لے رہے ہیں کیا وڈیروں کے بیٹے یا بیویاں پارلیمنٹ میں پہنچنے سے یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ نوجوان سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی سیاست سے ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی، سیاسی پارٹیاں دہشتگردوں کو تحفظ دیتی ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلر سیاسی پارٹیوں کے ہیں، گلو بٹ کس کا ہے؟ ہر سیاسی پارٹی کے مسلح ونگز ہیں، ریاست میں کچھ عناصر طالبان کے حامی اور کچھ مخالف ہیں، جب ریاستی عناصر میں ہی دہشت گردوں کے حامی ہوں گے تو دہشت گردی کیسے ختم ہوگی۔ امریکہ پاکستان کا نہیں ہمارے حکمرانوں کا دوست ہے، دہشت گردی اسی وقت ختم ہوگی جب حکومت عوام کی خدمت کرے، حکومت عوام کی خادم ہوگی تو عوام دہشت گردوں کو پکڑیں گے۔