کوئٹہ، ایف سی سرچ آپریشن کے دوران کالعدم جنداللہ کا اہم کمانڈر گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب سکیورٹی فورسز نے ایک سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم جنداللہ کے کمانڈر کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق سرچ آپریشن کوئٹہ شہر کے قریب لک پاس کے علاقے میں کیا گیا۔ حکام کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کرنے کے علاوہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ہونے کا شخص کالعدم شدت پسند تنظیم جنداللہ کا کمانڈر ہے، جوکہ مبینہ طور پر ایران میں شدت پسندی کے واقعات میں ملوث ہے۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک سینیئر افسر نے آپریشن میں اس علاقے سے ایک شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ تاحال وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ گرفتار شخص کا تعلق کس کالعدم تنظیم سے ہے۔ کوئٹہ میں ہی چند دن پہلے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر عثمان عرف سیف اللہ سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق شدت پسند عثمان پر کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں فرقہ وارانہ قتل اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج تھے۔ بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات کئی سالوں سے جاری ہیں اور ان میں شیعہ ہزارہ قوم کو متعدد بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ جنوری میں سندھ کے شہر شکارپور کی امام بارگاہ میں خودکش بم حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم جنداللہ نے قبول کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم حکام کی جانب سے بم حملے میں شدت پسند تنظیم لشکر جھنگوی کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دونوں تنظیمیں پاکستان میں شیعہ برادری کو متعدد بار نشانہ بنا چکی ہیں۔