جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کے سیاسی ونگ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامعہ رضویہ فیصل آباد میں تنظیمات اہل سنت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فوج نہ ہوتی تو تاجر سیاستدان ملک بیچ کر کھا چکے ہوتے، پنجابی طالبان پنجاب حکومت کے چہیتے ہیں، اہل حق نفاذ شریعت کیلئے بلٹ کے بجائے بیلٹ پر یقین رکھتے ہیں، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور تحریک طالبان کی نظریاتی ہم آہنگی پوری قوم دیکھ چکی ہے، کرکٹ بورڈ میں اوپر سے نیچے تک کرپشن ہے، کرکٹ کی سمجھ رکھنے والے کو کرکٹ کی باگ دوڑ دی جائے، تاجرانہ جمہوریت سے عوام نہیں صرف حکام کو فائدہ پہنچا ہے، حکومت خطیب لال مسجد کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کرتی، حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے، فوج نے ہی سب کچھ کرنا ہے تو حکمران گھر چلے جائیں، عالمی گریٹ گیم کے تحت پاکستان کے حالات خراب کئے جا رہے ہیں، بلوچستان اور کراچی کی بدامنی پاکستان دشمن عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، دہشت گردی کی مخالف جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اللہ نے حکمرانوں کو اقتدار دے کر ان سے عقل چھین لی ہے، حکمرانوں کی غیر سنجیدگی قومی مسائل کی جڑ ہے، طالبان فساد فی الارض کے مجرم ہیں، بے گناہ کو قتل کرنا جنت نہیں جہنم کا راستہ ہے، موت کے سوداگروں سے ہمدردی رکھنے والوں کو شرم آنی چاہیے، حکومت دہشت گردی میں ملوث مدارس کے نام قوم کے سامنے پیش کرے، قومی خزانہ لوٹنے والوں کا بے رحم احتساب کئے بغیر ملک نہیں چل سکتا، احتساب کا مؤثر نظام وضع نہ ہونا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے بے رحم قاتل مجاہد نہیں پاکستان کے غدار اور اسلام کے باغی ہیں، جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کے سیاسی ونگ ہیں، حکومت کے قیام کے ڈیڑھ سال بعد بھی وزیر خارجہ کا تقرر نہ ہونا حکومتی نا اہلی ہے، پرامن اور محب وطن اہل سنت کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے انتشار پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پر امن علماء کی پکڑ دھکڑ سے حالات خراب کرنے پر تلی ہو ئی ہے، ایمپلی فائر آرڈیننس میں لاؤڈ سپیکر پر درود و سلام پڑھنے کی پابندی واپس لینے کا دو ٹوک اعلان کیا جائے۔ اتحاد اہل سنت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یارسول اللہ ﷺکہنے والے نبی ﷺ ک جھنڈے تلے متحد ہو جائیں۔