بے گناہ لوگوں کو تنگ کرنا انصاف کے تقاضوں کی نفی کرنا ہے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں دارہ) شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ ہم عسکری قیادت کی پشت پر ہیں اور ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں، تاکہ اس ملک سے تکفیریوں اور دہشت گردوں کا خاتمہ ہو سکے، اور تمام مسالک اپنے عقیدے کے مطابق امن کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیعہ علماء کونسل کے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور ملک و قوم کے مفاد میں محب وطن جماعت سے تعاون کیا ہے۔ قومی ایکشن پلان کی منظوری کے بعد ملت جعفریہ کے خلاف دہشت گردی حکومت اور امن و امان قائم کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت گزشتہ بیس سالوں ہماری نسل کشی کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف حکومت نے توازن برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر محب وطن شہریوں پر بے جا پابندی لگا رکھی ہے۔ بے گناہ لوگوں کو انتظامیہ کی جانب سے تنگ کرنا انصاف کے تقاضوں کی نفی کرتا ہے۔ شیعہ علماء کونسل کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور اپنے امیدوار میدان میں لاکر ان کو کامیاب کرائیں گے۔ ایک قرارداد کے ذریعے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا، کہ سانحہ امامیہ مسجد حیات آباد کے شہداء کے خاندانوں کو بیس لاکھ روپے فی کس کے حساب گرانٹ دے۔ ہماری مساجد و امام بارگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے آخر میں ملت جعفریہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا گیاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کریں۔