اہم مالیاتی ادارہ میں داعش کمانڈر کی موجودگی کا انکشاف
شیعہ نیوز (راولپنڈی) پنجاب حکومت کے خفیہ ادارے نے حساس علاقہ مال روڈ پر واقع ایک مالیاتی ادارے میں داعش کے حامی اور خود کو داعش کمانڈر کہلوانے والے شخص کا سراغ لگا کر اسے سیکیورٹی رسک قرار دیدیا۔ صوبائی حکومت کے ماتحت خفیہ ادارے نے راولپنڈی پولیس کو بھجوائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مال روڈ پر واقع ایک مالیاتی ادارے میں کام کرنے والے ایک شخص کے کالعدم تنظیم کے ساتھ روابط ہیں اور فرقہ وارانہ وال چاکنگ میں ملوث ہے، یہ داعش کمانڈر کے نام سے بھی مشہور ہے۔ اس کی اس ادارے میں موجودگی سیکیورٹی رسک ہے اور اس سے ملنے آنے والے افراد میں اس کے نظریات کے حامی نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ خفیہ ادارے نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ اس بلڈنگ کی سرچنگ کی جائےاور اس میں آنے والے افراد کار ریکارڈ مرتب کیا جائےاور اس اہم بلڈنگ میں سیکیورٹی انتظامات کو مکمل کیا جائے۔