پنجابی اسٹیبلشمنٹ طالبان سے پنجاب میں تخریبی کاروائی نہ کرنے کے سمجھوتے کررہی ہے، حیدر ہوتی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ آج ملک میں وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کی جنگ اسلام آباد اور تخت لاہور کیلئے ہورہی ہے، عوام کے مسائل کے حل سے ان کا کوئی سروکار نہیں کیونکہ آج پنجابی اسٹیبلشمنٹ طالبان سے پنجاب میں تخریبی کاروائی نہ کرنے کے سمجھوتے کررہی ہے جبکہ خیبرپختونخواہ میں دہشت گردوں کو مکمل چھوٹ دے رکھی ہے اور اب پشتونوں سے تعصب کی بنیاد پر کاشغر گوادر راہداری روٹ میں تبدیلی کی سازشیں کی جارہی ہے، جبکہ تبدیلی کے نعرہ پر ووٹ لیکر خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے والی پاکستان تحریک انصاف کی جماعت پشتون قوم کے اس اہم مسئلے خاموش تماشائی بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے عوامی نیشنل پارٹی بنوں کے زیراہتمام سپورٹس کمپلیکس بنوں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ہم پر ایک سازش کے تحت پرائی جنگ مسلط کی گئی، جس میں سب سے زیادہ نقصان پشتونوں کو اُٹھنا پڑ رہا ہے اور اسی پرائی جنگ کی وجہ سے نہ صرف ہزاروں پشتون بچے یتیم ہوئے بلکہ لاکھوں پشتون اپنے گھروں سے بے گھر کردیئے گئے۔