کالعدم مذہبی جماعتیں حکومت کی ناک کے نیچے پوری آزادی کے ساتھ کام کرر ہی ہیں، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لیں گے، سنی تحریک کے چاروں صوبائی صدور کو انتخابی اہداف دے دیئے ہیں، صوبائی صدور اتحاد بنانے اور انتخابی مہم کو موثر طریقہ سے سر انجام دینے کیلئے الیکشن سیل قائم کریں گے۔ مرکز اہل سنت ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کرے گا، یوحنا آباد سانحہ کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت صوبے میں مذہبی فسادات کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔ 2 مسلمانوں کو شرپسندوں کی طرف سے زندہ جلانا کھلی دہشت گردی ہے، حکومتی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں، دہشت گردوں کا قبر کی دیواروں تک پہچھا کریں گے۔ ملک بھر اور خصوصا صوبہ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کراچی اس وقت بدترین دہشتگردی کا شکار ہے۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف حکومت کاروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، محمد شاداب رضا نقشبندی، صوبائی صدور محمد انعام اللہ خان قادری، نور احمد قاسمی، محمد علی جتک، اراکین مرکزی رابطہ کمیٹی محمد مبین قادری، فہیم الدین شیخ، محمد شہزاد قادری، طیب حسین قادری، ڈاکٹر عمران مصطفی، محمد زاہد حبیب قادری، محمد خالد حسن عطاری، التماس صابر، مولانا حافظ محمد ظفر ساسولی، سید حبیب شاہ جیلانی، حافظ نذر علی قادری و دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کالعدم مذہبی جماعتیں حکومت کی ناک کے نیچے پوری آزادی کے ساتھ کام کرر ہی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کالعدم جماعتوں کی سرگرمیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے اصل اہداف کو سازش کے تحت متاثر کیا جا رہا ہے، جو بھی مدارس، سیاسی یا مذہبی جماعتیں دہشتگردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف بلاتاخیر آپریشن تیز کیا جائے۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آج اگر حکومت کو کراچی سمیت ملک بھر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پڑیں تو اس کے لئے بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے اور متعلقہ علاقوں میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ اسکولوں کے باہر دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد جب چاہتے ہیں دستی بم پھنک کر دہشت پھیلاتے ہیں۔ آج اس ملک میں انتہا پسندوں، دہشتگردوں اور بالخصوص طالبان اور ان کے حامی و سہولت کاروں نے عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ جرائم پیشہ افراد اور دہشتگرد بعض حکومتی جماعتوں کی چھتری تلے چھپے ہوئے ہیں۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جنوبی وزیرستان طرز پر کراچی، اندرون سندھ، جنوبی پنجاب سمیت جہاں بھی دہشتگرد یا ان کے سہولت کار موجود ہوں خواہ وہ کسی مدرسے، مسجد یا کسی سیاسی صف میں ہی کیوں نہ ہوں ان کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا ہوگا۔