اسلام کے لبادے میں خون بہانے والوں کو چوراہوں میں پھانسیاں دی جائیں، سلطان فیاض الحسن
شیعہ نیوز (ٹوبہ ٹیک سنگھ) مشائخ کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ سلطان فیاض الحسن قادری نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی کا پیغام لے کر آیا، مٹھی بھر عناصر مذہب کا لبادہ اوڑھ کر دین اسلام کی تعلیمات کو مسخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ قرآن و سنت سے تعلق کو مضبوط بنا کر ہم اپنے مسائل سے نجات پا سکتے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، رجانہ کے نواحی گاؤں 288 گ ب میں روحانی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے پیرو کاروں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، دہشت گردی کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ اسلام پوری انسانیت کیلئے امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر انسانیت کا خون بہانے والے ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹوں کو چوراہوں میں پھانسیاں دی جائیں۔