Uncategorized

ہم شیعہ سنی، دیوبندی، بریلوی کی تفریق میں پڑے بغیر نظام مصطفی کیلئے جدوجہد کریں، اعجاز ہاشمی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علما ئے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری جدوجہد سے حاصل کئے گئے ملک میں قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرنے کا ایجنڈا پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا، جس کے لئے قومی وحدت کے فروغ، آئین کی بالادستی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔ اپنے پیغام میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے تشکیل پانے والے پاکستان میں بار بار آنے والا مارشل لاؤں نے جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جبکہ آمرانہ حکومتوں کا سہارا بننے والے بونے سیاستدانوں کو آگے لا کر عوام پر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط قوم اور مستحکم پاکستان کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی اکائیوں کو مضبوط کیا جائے۔ مشرقی پاکستان کے المیے سے سبق حاصل کرتے ہوئے ضروری ہو گیا ہے کہ بلوچستان میں جمہوری روایات کو مضبوط کیا جائے۔ ناراض بلوچوں سے مذاکرات کر کے زیادتیوں کا ازالہ اور انہیں قومی دھارے میں لایا جائے۔ جے یو پی کے سربراہ نے بلوچوں سے بھی اپیل کی کہ گھر کے شکوے اپنوں سے مل کر کئے جائیں۔ سیاسی جماعتوں پر اعتماد کریں۔ سیاسی قیادت خامیوں کے باوجود اب بھی مذاکرات کے ذریعے مشکل مسائل حل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے عسکری اداروں پر بھی زوردیا کہ وہ عوامی حمایت سے عاری سیاستدانوں کو فوج کی آشیرباد کا تاثر دینے سے باز رکھیں۔ جمہوریت کے تسلسل کے لئے ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ضروری ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی اور اہل حدیث کی تفریق میں پڑے بغیر نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے جدوجہد کریں تاکہ اسلامی پاکستان کا خواب پورا کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button