فرقہ واریت اور دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرنا ہے، جنرل ناصر خان جنجوعہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے دل کی دھڑکن اور پہچان ہیں۔ انہوں نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور عوام کو مزید زخم مت دو۔ لڑائی چھوڑ دو تعلیم حاصل کرکے اپنے آپ کو بہتر انسان بناو۔ پاک عوام کے لئے ناپاک ہتھیار پھینکنے والوں کے لئے ہمارے پاس محبت کے سوا کچھ بھی نہیں۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور اس کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں۔ بلوچ نوجوان کسی نام نہاد آزادی والے جھانسے میں نہ آئیں۔ پاکستان آزاد ریاست اور اس کا سب کچھ بلوچوں کا ہے۔ ہتھیار پھینک کر امن کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ہمیں ملکی ترقی کے لئے دہشتگردی، انتہا پسندی اور رنگ و نسل کی تفریق کو ختم کرنا ہوگا۔ بلوچستان کے عوام کے دم سے پاکستان ہے۔ صوبے میں لوگوں نے سکھ کا سانس لینا شروع کر دیا ہے۔ تاہم ہم نے اس ماحول کو مزید بہتر کرنا ہے۔ ہمیں ملک میں رنگ نسل، فرقہ واریت اور دہشت گردی کو ختم کرنا ہے اور بلوچستان میں امن کی فضا کو اتحاد کیساتھ قائم رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ تو ہم سب اللہ کے کلمہ گو ہیں۔ وطن عزیز میں ہم سب برابر ہیں۔ ہمیں رنگ، نسل، فرقہ واریت اور دہشتگردی کو نہ صرف خیرباد کہنا ہے بلکہ لڑ کر اس کو ختم کرنا ہے۔ اپنے پاک وطن اور صوبہ بلوچستان کو دہشتگردی کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ ہم سب اللہ کے نام لیوا ہیں۔ اسی کے ساتھ اپنا جینا اور مرنا منسوب کرتے ہیں۔ ہم میں کوئی تفریق نہیں بلکہ پیدا کی گئی تفریق کو ختم کرنا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اپنی محبتوں سے اس تفریق کو ختم کر دیں گے۔ میں عوام کے ساتھ نوجوانوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ جنہوں نے ناپاک ہتھیاروں کو چھوڑ کر امن کا راستہ اختیار کیا۔ جنہوں نے یہ طے کر لیا ہے کہ ہم تھوڑا کھالیں گے لیکن خون کی ہولی نہیں کھیلیں گے۔ ہم غربت کی زندگی بسر کرلیں گے، لیکن اپنے بہن بھائیوں کے خون سے اپنے ہاتھ نہیں رنگیں گے۔ ہم اندھیروں کو دور کرنے کے لئے شمع جلائیں گے۔ جس سے امن و محبت کی روشنی پھیلے گی۔