حضرت سیدہ فاطمہ (س) کی شہادت اور شیعہ اصولوں میں تبدیلی کے خطرناک نتائج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کچھ دن قبل اردو بازار میں ایک مشہور شیعہ مکتب کے مالک نے افسوس کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ ان کے پاس ایک وہابی مکتبے والے آئے اور باتوں ہی باتوں میں اہلحدیث مکتبے والے نے کہا کہ شاہ صاحب آپ کے مذہب کی حقیقت اب آہستہ آہستہ کھل رہی ہے اور اب آپ کے لئے اپنے مذہب کا دفاع آسان نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے اس سے پوچھا کہ وہ کیسے ؟ تو اس نے جواب دیا کہ پہلے آپ کے مولوی و ذاکر کہتے تھے کہ حضرت ابوبکر اور حضرت عمر نے حضرت فاطمہ زہرا (س) کے گھر پر حملہ کیا جس سے ان کے چشم مادر میں جناب محسن (ع) شہید ہو گئے اور اسی وجہ سے حضرت فاطمہ (س) کی شہادت واقع ہوئی۔ جبکہ اب آپ کے ہی مولوی و ذاکر کہتے ہیں کہ ان ہستیوں کی تو ولادت ہی نہیں ہوتی بلکہ آسمان سے ظہور ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جناب محسن (ع) اپنی والدہ کے شکم میں تھے ہی نہیں اور جب تھے ہی نہیں تو پھر شہید کیسے ہو گئے ؟ اور پھر اسی وجہ سے سیدہ فاطمہ (س)کیسے شہید ہوئیں ؟ لہذا پتہ لگا کہ آپ لوگ اپنے ہی لوگوں کو صدیوں سے بیوقوف بنا رہے ہیں اور صحابہ پر جھوٹے الزام لگا رہے ہیں جو آپ کے مذہب کے جدید اصولوں کے بھی مطابق نہیں ہیں۔
قارئین اندازہ لگائیں کہ ہم لوگ کیا کر رہے ہیں اور ہماری یہ اندھی محبت ہمیں کس طرف لے کر جا رہی ہے۔ افسوس ہے ان ذاکروں اور ان مولویوں پر جو ہمارے صدیوں پرانے اصولوں کو جو کہ قرآن و حدیث سے ثابت ہیں انہیں تبدیل کر رہے ہیں اور اس چیز سے دشمن کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔ ذرا سوچئے کہ اس عقیدت کا کیا فائدہ جو غلط اصولوں پر مبنی ہو اور جس سے اپنے ہی مذہب کو نقصان ہو۔ آج جب ہم لوگوں کو اس بات سے روکتے ہیں تو لوگ آرام سے کہتے ہیں کہ ایک لفظ کی تبدیلی (مطلب ولادت کی جگہ ظہور کہنے) سے کیا فرق پڑتا ہے۔ یقینا آپ کو تو نہیں فرق پڑے گا۔ فرق تو انہیں پڑے گا جو اپنے مذہب کا دفاع کر رہے ہیں۔ فرق تو انہیں پڑے گا جو دین کی خدمت کر رہے ہیں۔ فرق تو ہمارے دشمن کو پڑے گا جب وہ ہم پر ہنسے گا کہ ہم خودی اپنے ہی ہاتھوں اپنے مذہب کی نابودی کر رہے ہیں۔ فرق تو آل محمد (ع) کو پڑے گا جن کے مذہب کو کمزور کیا جا رہا ہو۔ افسوس۔
ایک شخص نے حضرت سیدہ فاطمہ (س) سے پوچھا کی کیا میں شیعہ ہوں ؟ تو سیدہ فاطمہ (س) نے جواب دیا کہ اگر تم ہماری پیروی کرتے ہو اور جن باتوں سے ہم روکتے ہیں ان سے رک جاتے ہو تو ہمارے شیعہ ہو۔
تھوڑا غور کریں کہ کیا اصول دیا ہے سیدہ زہرا (س) نے۔
آخر میں حضرت سیدہ فاطمہ (س) کی شہادت کے موقع پرآپ سب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔