پیپلز پارٹی یمن میں جمہوریت کی بقا کے لیے ہونے والی کارروائی کے ساتھ ہے، رحمان ملک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی کافی مدد کی ہے، آج اگر وہ مشکل میں ہے تو ان کے ساتھ ہیں، پیپلزپارٹی یمن میں جمہوریت کی بقا کے لیے ہونے والی کارروائی کے ساتھ ہے۔ کراچی میں رحمان ملک نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری تناؤ کوکم کرنے کے لیے ہم نے اپنا کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ سعودی عرب سے وزیراعظم نواز شریف کے کیسے تعلقات ہیں، پارلیمنٹ سعودی عرب کے خلاف نہیں ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ سعودی عرب نے ہماری کافی مدد کی ہے، اگر آج وہ مشکل میں ہے تو پاکستان ان کے ساتھ ہے۔ پیپلزپارٹی یمن میں جمہوریت کی بقا کے لیے ہونے والی کارروائی کے ساتھ ہے۔ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی رہائی پر ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ہم اپنے پڑوسی ممالک سے بات کرکے وہاں اپنے شہریوں کو نکال سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سعودی عرب کی صورتحال پر وزیراعظم نے آصف علی زرداری کو اعتماد میں نہیں لیا، پیپلزپارٹی وزیراعظم سے رابطے کے بعد اپنے موقف کا اعلان کرے گی۔ داعش ایک حقیقت بن چکی ہے اور ملک میں داعش موجود ہے۔ داعش مشرق وسطیٰ کا القاعدہ بنے گی۔