پاکستان کو یمن کی جنگ میں نہیں کودنا چاہیے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ یمن کی جنگ میں پاکستان کو نہیں کودنا چاہیے، سعودی عرب اور یمن دونوں ہمارے دوست ممالک ہیں اگر اس جنگ میں کسی ایک فریق کی حمایت کی گئی تو اس سے ملک میں فرقہ واریت کی آگ مزید بھڑک سکتی ہے ، پاکستان کی حکومت کو مصالحانہ کردار ادا کرنا چاہیے ، پاکستان کے دونوں اسلامی ممالک سے برادارنہ تعلقات ہیں ان دونوں ممالک سے ہمیں برادرانہ تعلقات قائم رکھنا چاہئیں ۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی مسائل میں گھرا ہوا ہے ، یہاں دہشت گردی عروج پر ہے اور ہماری فوج اس وقت دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں مصروف ہے ایسی صورتحال میں پاک فوج کو کہیں اور بھیجنا پاکستان کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہو گا، اسکے علاوہ دہشت گردی کیخلاف جوجنگ لڑی جارہی ہے اس پر بھی منفی اثرات مرتب ہونگے۔