پیروان مکتب ولایت کے لئے راہ کا تعین حضرت فاطمہ زہرا (س) نے کیا ہے، علامہ سبطین حسینی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسینی کا شیر کوٹ میں شہداء امامیہ مسجد حیات آباد کے چہلم سے خطاب میں کہنا تھا کہ پیروان مکتب امامت و ولایت کے لئے مسلک و راہ کا تعین فاطمہ زہراء نے کیا ہے۔ ہمارا راستہ و مشن وہی ہے جو زہراء اطہر کا راستہ ہے۔ یعنی راہ امامت میں جان کو قربان کر دینا سب کچھ لٹانا لیکن ذرا برابر بھی راہ حق سے پیچھے نہیں ہٹنا۔ وہی کلمات و ارشادات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جو بی بی دو عالم (س) نے دفاع علی (ع) کے موقع پر ارشاد فرمائے کہ یاعلی (ع) اگر آپ راحت و سکون میں ہیں تو میں بھی راحت و آرام میں ہوں۔ اگر آپ تکلیف و اذیت میں ہیں تو مجھ کو بھی سکھ نہیں ہے۔ اسی لئے ہم پیروان راہ صدیقہ کبریٰ ہیں جانیں دیں گے۔ مال و دولت کو لٹائیں گے لیکن وطن سے محبت اور عقیدت و نظریئے کی راہ میں استقامت و پائیداری کے جوہر ہر زمانے میں دکھائیں گے۔