افواج پاکستان کو کرائے کی فوج بنانے سے اجتناب کیا جائے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یمن کا بحران اُمت مسلمہ کو تقسیم کرنیکی سازش ہے۔ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو کمزور کرنے کیلئے فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتے ہیں جس کا بنیادی مقصد مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور اسرائیلی ناجائز ریاست کو مستحکم کرنا ہے، بدقسمتی سے مسلمان اغیار کی سازشوں کا شکار ہوکر باہمی دست و گریبان ہوچکے ہیں۔ مسلم ملک پر یلغارکی بجائے سعودی حکومت کو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور قبلۂ اوّل کی حفاظت کیلئے غاصب اسرائیل کے خلاف مشترکہ فوج تشکیل دینی چاہئے۔ سُنی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے لی، کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔ مقامی حکومتوں کے انتخابات سے ملک میں جمہوری عمل مضبوط اور مستحکم ہوگا۔ مقامی حکومتوں کے انتخابات سے اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہوگا جس سے عوام کے مسائل کے حل میں بھی تیزی آئے گی، مقامی حکومتوں کے انتخابات نہ ہونے سے عوام آج بیوروکریسی کے رحم وکرم پر ہیں، حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران عام آدمی کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل سکا، دہشت گردی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بے روزگاری، لاقانونیت، میگا کرپشن اور مہنگائی نے لوگوں کا سکھ چین لوٹ لیا ہے اور حکمران سب اچھا کی بانسری بجار ہے ہیں، ریاست عوام کے جان و مال اور آبرو کے تحفظ میں ناکام ہوجائے تو حکمرانوں کو اصولی طور پر گھر چلے جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے ضلعی عہدیداروں کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خلیج کے بحران کو فرقہ وارانہ رنگ دینا خلاف حقائق ہے۔ بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنے مفادات کی جنگ میں پوری اُمت مسلمہ کو آزمائش میں نہ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن دینی قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ اسلامی فکر اور روح کیمطابق رائے عامہ ہموار کریں۔ خلیج کی جنگ سے ہمیشہ اسرائیل اور امریکہ نے فائدہ اٹھایا ہے اور مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کیا ہے۔
امریکہ اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے خلیج کو ایک بار پھر میدان جنگ بنانا چاہتا ہے۔ عالمی استعمار کی عالم اسلام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے امت کے بڑوں کو مل بیٹھنا چاہئے اور پاکستان اور ترکی کو اس میں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایران اور سعودی عرب کا تصادم روکنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے۔ دیگر عہدیداروں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان مسلم امہ میں واحد ایٹمی طاقت ملک ہے، ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے، مشرق وسطیٰ کی فرقہ وارانہ جنگ کو پاکستان لانے سے روکا جائے۔ پاکستان پرائی لڑائی لڑنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکمران امریکی و سعودی خوشنودی کے لئے قومی مفادات قربان نہ کریں۔ افواج پاکستان کو کرائے کی فوج بنانے سے اجتناب کیا جائے۔ ضرورت پڑی تو حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے صرف پاک فوج ہی نہیں بلکہ پوری 20 کروڑ پاکستانی قوم کردار ادا کرے گی۔