مکہ اور مدینہ کو کوئی خطرہ نہیں امہ کا ہر فرد محافظ ہے، علامہ حیدر علوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے ترجمان علامہ حیدر علوی نے کہا ہے کہ عربوں کی باہمی جنگ امہ کو کمزور کرے گی۔ اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیک دینے والے عرب آج ایک دوسرے کو قتل کر رہے ہیں جو آل سعود کے منہ پر تمانچہ سے کم نہیں ہے اہل عرب آج تک کفر کے مقابلے میں متحد نہیں ہوئے لیکن مسلمانوں کو مارنے کیلئے متحد ہو گئے ہیں۔ مکہ اور مدینہ کو قیامت تک مسلم یا غیر مسلم کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اگرچہ مسلم حکمرانوں کی باہمی کشمکش امہ کو کمزور کرنے کی وجہ ضرور ہیں۔ پاکستان عربوں کی جنگ کا حصہ بن کے مسلم کشی کا سبب نہ بنے بلکہ او آئی سی کے پلیٹ فارم پہ اس مسئلے کا پرامن حل پیش کرے تاکہ یہود و ہنود کے مزید بغلیں بجانے کا موقع فراہم نہ ہو سکے یمن سنی شیعہ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عالمی سامراج کی گہری سازش ہے۔ جس پر عالم اسلام کو ہوش کے ناخن لینے اور دشمن کی سازش کو سمجھنا چاہیے پاکستان فوج صرف حرم مکہ اور حرم مدینہ میں موجود رہنا چاہیے نہ کہ عربوں کی باہمی مفادات کی جنگ کا حصہ بن جائیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ حیدر علوی نے کینٹ کی مرکزی جامع مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ پاک نے اس بار قائدانہ کردار ادا کرنے کا موقع دیا تمام قوم پاک فوج کی پشت پہ کھڑی ہے اور ملک میں جاری آپریشن میں آخری دہشتگرد تک کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔