ایران و مغربی ممالک میں ہونیوالا معاہدہ خوش آئند ہے: علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایران اور مغربی ممالک میں ہونیوالے معاہدے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ معاہدے سے نہ صرف ایران و مغربی ممالک میں جاری تناؤ کا خاتمہ ہوگا بلکہ اس کے خطے پر مثبت اثرات کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک کے اتحاد کےلئے موثر عمل ثابت ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے 12سال کے طویل عرصہ کے بعد مغربی ممالک اور برادر ہمسایہ ملک ایران میں ہونیوالے حالیہ معاہدے پر اپنے رد عمل میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس معاہدے سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ ہمیشہ مسائل مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں اور طاقت کا استعمال یا پابندیاں کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں۔ انہوں نے اس معاملے کو دیرآید درست آید کا مصداق قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس معاہدے سے جہاں ایک طرف ایران کی اقتصادی مشکلات کا خاتمہ ہوگا وہیں ایران و مغربی ممالک میں جاری تناؤ کا خاتمہ ہونے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ اس معاہدے سے خطے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے اور اسلامی ممالک کے اتحاد میں بھی اہم پیش رفت ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ اس نئی صورتحال میں پاکستان کو بھی اپنا کردار ادا کرناچاہیے اور اسلامی ممالک کو آپس میں متحد کرنے اور باہمی معاملات افہام و تفہیم سے حل کرانے کےلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوںنے مزید کہاکہ امید ہے اب پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے میں حائل ہونیوالی رکاوٹیں بھی دور ہونگی ۔ حکومت کو چاہیے وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے فی الفور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوسکے ۔