پاکستان ہرگز اسلام مخالف کسی سازش کا حصہ نہ بنے، آئی ایس او پاکستان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا سال رواں تجدید عہد کا دوسرا مجلس عاملہ کا اجلاس جمعہ ا3 مارچ سے 5 اپریل کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر میں تنظیم کے 23 ڈویژنز کے اراکین عاملہ شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر تہور حیدری نے کی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قلب عباس کے مطابق عاملہ کا اجلاس تین روز تک جاری رہا۔ اجلاس میں علماء کرام، طلباء اور سابقین شریک ہوئے۔ جن میں یافث نوید ہاشمی، روزی علی، ڈاکٹر عقیل موسٰی، حیدر جوادی اور اطہر عمران شامل ہیں۔ اجلاس مین یمن کی کی صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ مظلومین جہاں کی حمایت اور داد رسی کی ہے، جبکہ ہر ظلم کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے داخلی امور پر توجہ دی جائے، کیونکہ ملک حالت جنگ میں ہے۔ پاکستانی افواج پاکستان میں ملک و اسلام دشمن عناصر کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ جس سے دشمن توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے اسلامی ملک کے خلاف جارحیت کو باطل کی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہرگز کسی اسلام مخالف سازش کا حصہ نہ بنے۔ پاکستانی افواج پاکستانی قوم کا وقار و افتخار ہیں۔ ملکی سالمیت یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم پاکستان کے استحکام و خود مختاری کیلئے داخلی معاملات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے عالمی سازشوں کا حصہ نہ بنیں، تاکہ پاکستان سے دہشت گردی و انتہاء پسندی کے ناسور کا خاتمہ کیا جاسکے۔ مرکزی عاملہ کے اجلاس میں ملک بھر کے ڈویژنل نمائندگان، اراکین مجلس نظارت کے علاوہ سینئرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سال کے دوسرے اجلاس عاملہ میں پروگرام کی منظوری لی گئی۔ جس پر ڈویژن عمل درآمد کرانے کے پابند ہونگے۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں تنظیم کی فعالیت پر خصوصی بحث بھی ہوئی۔ مرکزی کابینہ کی منظوری کے علاوہ تیسرے اجلاس کا مقام ڈی جی خان مقرر کیا گیا۔ یاد رہے مجلس عاملہ آئی ایس او کا اعلٰی اختیاراتی ادارہ ہے، جس کے ملک بھر کے ڈویژنل نمائندگان ارکان ہوتے ہیں۔