سول سوسائٹی کی جانب سے شہر کراچی میں کالعدم جماعتوں کی چاکنگ و بینرز ہٹانے کے لئے رینجرز کو درخواست
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) سول سوسائیٹی کے ایک رکن کے مطابق سول سوسائٹی اور ویمن ایکشن فورم کی جانب سے آج پاکستان رینجرز سندھ 33 ونگ کو ایک لیٹر جمع کروایا گیا جس میں رینجرز حکام کی توجہ شہر بھر میں موجود کالعدم دہشتگرد گروہ اہل سنت والجماعت (سابقہ کالعدم انجمن سپاہ صحابہ) کے جھنڈوں، ہورڈنگز، بینرز اور وال چاکنگ کی طرف مبذول کروائی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان، انسداد دہشتگردی ایکٹ اور شہر کراچی کے بائی لاز کے مطابق شہر کو اس کالعدم دہشتگرد گروہ کے جھنڈوں، بینرز، وال چاکنگ اور ہورڈنگز سے صاف کیا جائے۔ ہم نے خاص طور پر مین شاہراہ فیصل پر بلوچ کالونی کے پل کے قریب PSO پیٹرول پمپ کے ساتھ اسی کالعدم دہشتگرد گروہ کے جھنڈے کا بھی حوالہ دیا جو کراچی کی اس مین شاہراہ پر موجود ہے جس سے شہر بھر کا اہم ترین ٹریفک گزرتا ہے۔ اگر سندھ حکومت اور انتظامیہ 16 اپریل تک اس کالعدم دہشتگرد گروہ کے جھنڈوں، ہورڈنگز، وال چاکنگ اور بینرز سے شہر کراچی کو پاک نہیں کرتی تو سول سوسائٹی شاہراہ فیصل پر ٹھیک اسی جگہ 16 اپریل شام 6 بجے پر امن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ ہم سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس دہشتگرد گروہ کی سرپرستی بند کی جائے۔