سندھ بھر میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے بھی شرکت کی، جبکہ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئیں۔ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر غور کیا گیا، جبکہ اپیکس کی ذیلی کمیٹیوں، انٹیلیجنس اور لیگل کمیٹیوں نے اجلاس کے شرکاء کو اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، جن میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں اور دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ کمیٹی نے کراچی میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے لئے آخری موقع دینے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے اور بالخصوص کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔