ایم کیو ایم کی حمایت کرنیوالے علامہ زوہیر عابدی کا شیعہ علماء کونسل سے کوئی تعلق نہیں، علامہ ناظر عباس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل کے صوبائی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے حلقہ 246 ضمنی انتخاب میں کسی سیاسی جماعت کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، شیعہ علماء کونسل ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعت ہے فیصلہ میں خود مختار ہیں، مسئلہ ایک حلقہ کے انتخابات کا نہیں شہر اور ملک کے موجودہ حالات میں ملت جعفریہ کے مفادات میں فیصلے کریں گے، شیعہ علماء کونسل کے نام استعمال کرکے چند شیعہ افراد کی جانب سے سیاسی جماعت کی ضمنی انتخابات میں حمایت کے اعلان کی تردید کرتے ہیں، شیعہ علماء کونسل کے نام پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جس کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ علامہ زوہیر عابدی کا شیعہ علماء کونسل سے کوئی تعلق نہیں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان ایسی کسی بھی خبر کی تصدیق کرلیں، کسی بھی جماعت کی حمایت کے حوالے سے خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ شیعہ علماء کونسل کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے منتخب نمائندے کی ضمنی انتخابات میں حمایت کے اعلان کی تردید کرتے ہیں، آج شام 4 بجے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء نیوز کانفرنس میں اپنا واضح موقف بیان کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر متعدد شیعہ ذاکرین، علماء اور انجمنوں نے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جن کی نمائندگی میں علامہ زوہیر عابدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔