شہداء کمیٹی شکارپورکے زیر اہتمام سندھ میں دہشت گردی کیخلاف عوامی ریفرنڈم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہداء کمیٹی کی اپیل پر سندھ بھر میں دہشت گردی کے خلاف ریفرنڈم کیا گیا، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین، اصغریہ آرگنائزیشن اور شہداء کمیٹی کے زیر اہتمام شکارپور، شہداد کوٹ، جام صاحب، سکرنڈ، دوڑ، نوابشاہ، حیدر آباد، جیکب آباد، کنمب، ٹھری میرواہ، نصیر آباد، میرپور خاص و دیگر شہروں میں عوامی ریفرنڈم ہوا۔ شہداد کوٹ کے کوٹو موٹو چوک پر منعقدہ ریفرنڈم کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی معاون سیاسی امور و شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی اور مذہبی منافرت کے خلاف ریفرنڈم دیا ہے۔ سندھ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے گی اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی فعالیت کو روکا جائے گا، مگر اس سلسلے میں عملی اقدام نہیں ہو رہا، آج بھی سندھ بھر میں کالعدم جماعتوں کی نفرت انگیز سرگرمیاں جاری ہیں۔ ٢٢ نکاتی معاہدے پر عمل در آمد سے امن کو فروغ ملے گا۔ شہداء کمیٹی دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، دہشت گردی کو روکنے کے لئے سیاسی کارکنوں اور امن پسند قوتوں کو میدان میں آنا ہوگا۔ عوامی ریفرنڈم کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سربراہ علامہ مختار احمد امامی نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ حیدر آباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ جبکہ چیئرمین شہدا کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شہداد کوٹ میں اپنا ووٹ دیا، اس موقع پر سید علی اکبر شاہ، مولانا ممتاز ایمانی و دیگر موجود تھے۔