تکفیری دہشت گرد معافی مانگیں یا حرام موت کیلئے تیار ہوجائیں، میجر جنرل شیر افگن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی بہتری اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشتگردی کرنے والے معافی مانگ کر قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک وقوم کی خدمت کریں یا حرام موت مرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ دہشتگرد قوم کے مستقبل کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اینٹی اسٹیٹ عناصر کا قلع قمع اور امن وامان کی بحالی ہمارا اولین حدف ہے۔ ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کے باعث دہشتگردوں پر اب زمین تنگ کردی گئی ہے۔ قبائلی عمائدین بھی علاقے کی امن وامان کی بہتری کیلئے ایف سی کیساتھ تعاون کریں۔ بلوچستان کے لوگ پرامن اور ملک سے محبت کرنے والے ہیں۔ قبائلی علاقوں کو ہم اکیسوی صدی کے قبائل دیکھنا چاہتے ہیں۔ جن کی سوچ اجتماعی ہو اور پورے صوبے کی ترقی کی بات کریں۔ ہم بلوچستان کے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانا چاہتا ہیں۔ تربت سانحہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جس میں ملوث پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور اس میں ملوث دیگر عناصر کو بھی انجام تک پہنچائینگے۔