علامہ جواد نقوی کے بعد وہابی مفتی نے بھی الیکشن میں حصہ لینے والوں کو کافر قرار دیدیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) برطانوی مسلم انتہا پسند مبلغ انجم چودھری نے ”فتویٰ“دیا ہے کہ تمام مسلمان ارکان پارلیمنٹ اور ووٹر مرتداور کافر ہیں۔ ٹویٹرپر انہوں نے ایک پیغام میں الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے عمل کو خلاف اسلام قراردیا اور کہا کہ یہ اسلام کے خلاف ایک ”گناہ “ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مذہبی قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے کیونکہ واحد قانون ساز صرف اللہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں جو بھی مسلمان پارلیمنٹ کاالیکشن لڑرہے ہیں یا جو مسلمان ان میں ووٹ دیتے ہیں ،وہ مرتد ہیں یعنی انہوں نے اپنا عقیدہ چھوڑدیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی مسلمان ایسا کرتا ہے وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ اللہ ہی واحد قانون ساز اور کمانڈر ہے اوریوں وہ” کافر“ ہوجاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان کسی ایسے امام کی پیروی نہ کریں جو کہتا ہے کہ ووٹ ڈالنا مذہبی طورپر جائز ہے ۔یاد رہے کہ انجم چودھری برطانیہ میں کالعدم تنظیموں ”اسلام فور یوکے“ اور ”المہاجرون“ کے سربراہ ہیں ۔ وہ ان دنوں برطانیہ میں مسلمانوں کو ووٹ ڈالنے سے منع کرنے کی مہم چلارہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بھی اہل تشیع حلقہ میں علامہ جواد نقوی وہ شخصیت ہیں کہ جو الیکشن میں حصہ لینے کو اللہ کی ربوبیت کا انکار قرار دیتے ہیں اور اس کو خلاف اسلام قرار دیتے ہوئے دین کیلئے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔