ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، علامہ وحید کاظمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم بلدیاتی الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، ہم نے ملک سے دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے جدوجہد کا عزم کر رکھا ہے، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے ذریعے اپنے اہداف کو بہتر طریقہ سے حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں معاون ثابت ہوں گے، اور غریب عوام کو ان کے مسائل نچلی سطح پر ہی حل کرنے میں آسانی پیدا ہوگی، تاہم اس عمل کی کامیابی کیلئے بلدیاتی الیکشن کو شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے، اور انشاء اللہ عوام کے تعاون اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایم ڈبلیو ایم ان انتخابات میں بہترین نتائج دے گی، ہم ملک بھر میں شیعہ، سنی وحدت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ان انتخابات کو بھی شیعہ، سنی وحدت کیلئے ایک موقع سمجھتے ہیں۔