ایک مکتبہ فکر دہشت گردی کیخلاف آئینی ترمیم میں تجاوز کی کوشش کررہا ہے، عبدالمالک بلوچ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام ترقی کے نہیں بلکہ نو آبادیاتی سوچ کے مخالف ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور ترقی پر پہلا حق گوادر پھر بلوچستان اور اس کے بعد پاکستان کے عوام کا ہے۔ بلوچستان کی آزادی سے متعلق شروع دن سے ایک نقطہ نظر موجود رہا ہے۔ جمہوری اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہی بلوچستان کے حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ بلوچستان میں آزادی سے متعلق شروع دن سے ہی ایک سوچ اور نقطہ نظر موجود رہا ہے لیکن استحصالی پالیسیوں اور عوام کی محرومیوں نے اس میں مزید اضافہ کیا۔ بلوچستان کے حقوق کے حصول کیلئے ہم جمہوری اور سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کثیر القومی ریاست ہے اور حقیقی وفاق ہی ملک کی مضبوطی اور عوام کی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ قومی سوال کے حل ہی میں طبقاتی سوال کا حل موجود ہے۔ ہم بلوچستان کے عوام کو ملک کے عوام کے ساتھ جوڑ کر جمہوریت کے استحکام کیلئے موثر جدوجہد کو مسائل کا حل سمجھتے ہیں۔ 18ویں ترمیم پاکستان میں مائنڈسیٹ کی بڑی تبدیلی ہے۔ جس کا کریڈیٹ مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی اور دیگر جمہوری قوتوں کو جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ایک مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عناصر اس میں تجاوز کی کوشش کررہے ہیں۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ پاکستان بتدریج بدل رہا ہے۔ جمہوریت پسند قوتیں مضبوط ہورہی ہیں اور اسلام آباد میں دھرنوں کے موقع پر ان قوتوں نے یک زبان ہوکر جمہوریت اور پارلیمنٹ کا تحفظ کیا۔