جمعیت علماء اسلام سمیع الحق گروپ نے یمن پر ایٹمی حملے کا مطالبہ کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جمعیت علماء اسلام (سمیع الحق گروپ) کے صوبائی ناظم مفتی محمد حماداللہ مدنی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے پاکستان کے مسلمان اپنی جانوں کی بازی لگا دیں گے لیکن حرمت کعبہ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، سعودی عرب سے ہماری جذباتی وابستگی ہے اسلام کے محور و مرکز کا مکمل تحفظ کریں گے اور اس کے لئے جان قربان کرنے کی ضرورت پڑی تو اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ یہ باتیں انہوں نے گلشن اقبال کراچی میں تحفظ حرمین الشریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب حکومت ہمارے ہر مشکل وقت میں کام آئی ہے، ہمیں بھی آج برے وقت میں ان کی بھرپور مدد کرنی چاہیئے، حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے، پاکستان مسلم اتحاد کا حصہ ضرور بنے اور یمن باغیوں کو سبق سکھانے کے لئے پاکستانی فوج ضرور سعودی عرب بھیجے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل ہے، سعودی عرب کے تحفظ کے لئے بھرپور تحریک چلائی جارہی ہے، انشاء اللہ حکومت پاکستان کو راضی کریں گے کہ یمنی باغیوں کو کچلنے کے لئے افواج پاکستان کو سعودی عرب بھیجا جائے اور وقت پڑنے پر پاکستانی ایٹم بم کو بھی استعمال کیا جائے، حرمین شریفین سے ہمارے دل دھڑکتے ہیں ان کی حرمت پر اس سے پہلے کہ کوئی آنچ آئے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور جو لوگ یمنی باغیوں کو کچلنے کی مخالفت کررہے ہیں وہ جواب دیں کہ وزیرستان میں ڈرون حملوں پر کیوں خاموش تھے؟۔ انہوں نے کہا کہ یمنی باغیوں کی سرکوبی کے لئے عالم اسلام کے متحد ہوجائے اور اسلام کے محور و مرکز پر ہونے والے حملوں کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرکے باغیوں کی دراندازی کے تمام راستے بند کردیں۔