کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے زائرین کا قتل قابل مذمت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ بے لگام لوڈشیڈنگ کے خلاف جمعہ یکم مئی کو ’’یوم احتجاج‘‘ منایا جائے گا، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام ذلت اور اذیت کا شکار ہیں، لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں، پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، وفاقی اور صوبائی حکومت پشاور میں متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کرے، یمن کے مسئلہ پر ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے زائرین کا قتل قابل مذمت ہے، ہزارہ برادری مسلسل ظلم اور دہشت گردی کا شکار ہے، نون لیگ صرف لاہور تک محدود ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلا کر راہداری منصوبے پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے، لسانی، نسلی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمران جھوٹے دعوؤں اور کھوکھلے وعدوں سے عوام کو مطمئن نہیں کرسکے، عوام کو اس وقت سڑکوں نہیں بجلی کی ضرورت ہے، حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، سبین کے قاتلوں کو سامنے لانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، ملک دشمن قوتوں نے سبین محمود کو قتل کرکے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایپکس کمیٹیوں کی فعالیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں آزاد امیدواروں کی بھاری اکثریت میں کامیابی عوام کا سیاسی جماعتوں پر عدم اعتماد ہے، پنجاب حکومت کی نیلی ٹیکسی سکیم، سستی روٹی اور دانش سکول جیسی سکیمیں فلاپ ہوچکی ہیں۔