ریال پرست مذہبی رہنما فرقہ واریت کو فروغ دے رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹ کراچی کا امن تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، چینی صدر کے دورہ کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف سازشیں تیز کر دی ہیں، پاک فوج پر تنقید کھلی غداری اور بغاوت ہے، الطاف حسین کے فوج مخالف بیان پر بلوچستان اسمبلی کی قرارداد قومی جذبات کی ترجمان ہے۔ کراچی میں ایس ایس پی راؤ انوار پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے۔ پاک فوج کو متنازعہ بنانے کی عالمی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عسکر ی ونگ رکھنے والی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے۔ قانون شکن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بعض مذہبی جماعتیں حرمین شریفین کے دفاع کے نام پر ذاتی مفادات کا کھیل کھیل رہی ہیں۔ ریال پرست مذہبی رہنما فرقہ واریت کو فروغ دے رہے ہیں۔ امریکہ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے۔ تہذیبوں کے تصادم کو روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پنجاب کا خزانہ حکمرانوں کی تشہیر پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ حکمران طبقہ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتا ہے۔ قیام پاکستان سے اب تک اقتدار میں آنیوالوں کے احتساب کیلئے کمیشن قائم کیا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ملک بدامنی، مہنگائی اور بیروزگاری کی آگ میں جل رہا ہے۔ لوڈشیڈنگ نے قوم کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت کا رمضان پیکج اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔ حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ یمن میں جنگ بندی کیلئے مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں۔