پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، صاحبزادہ زبیر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کور کمانڈر کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائی کے عزم کو قوم کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک، عوام اور فوج کے وقار کے دفاع کیلئے دہشت گردوں اور ان کے حمایتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جانی چاہیئے، تاکہ پاکستان کو دھشت گردی سے پاک کیا جاسکے، بھارتی ایجنسی را کی پاکستان میں کارروائیوں کے خلاف بھرپور ایکشن سے ہی سرحد پار دھشت گردی کو روکا جاسکتا ہے، سندھ، بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں را کی کارروائیاں بے نقاب ہوتی رہی ہیں مگر افسوس ماضی میں حکمرانوں نے را اور اس کے حمایتوں کے خلاف ایکشن نہیں لیا، جس کی وجہ سے آج پاکستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈرز نے را کی پاکستان میں جاری کارروائیوں پر بھرپور ایکشن لینے کا جو اعادہ کیا ہے اس سے امید ہو چلی ہے کہ پاک فوج را کے نیٹ ورک کو توڑنے اور پاکستان میں ان کے حمایتوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ضرور کامیاب ہوگی۔
انہوں نے پاک فوج کے ضرب عضب آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارانہ مہارت کے طفیل پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دھشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، قوم کی دعاؤں سے پاک فوج ہر محاذ پر کامیابی حاصل کر رہی ہے، ملک کے مضبوط دفاع اور قیام امن کیلئے فوج کو دھشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنی چاہیئے، کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے سپریم کورٹ کراچی بدامنی کیس کے فیصلے میں شامل دھشت گرد، بھتہ خور جماعتوں کے خلاف بلا رنگ و نسل کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے، کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر بلا امتیاز بغیر کسی تفریق کے عمل درآمد کی ضرورت ہے۔