طاہرالقادری کا پرنس کریم آغا خان کو خط، سانحہ صفورا چورنگی پر اظہار افسوس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے پرنس کریم آغا خان کو خط لکھ کر واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ بلاشبہ پاکستان کے استحکام، ترقی اور دفاع کے حوالے سے اسماعیلی کمیونٹی کی خدمات قابل قدر ہیں اور دہشت گردی کی جنگ میں اسماعیلی کمیونٹی نے بہت قربانیاں دیں، پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے ایک واضح موقف رکھتی ہے اور دہشت گردی کی ہر شکل کے خاتمہ کیلئے بر سر پیکار ہے۔ اسماعیلی کمیونٹی کو ایک سازش کے تحت گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ اب کراچی میں بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ موجودہ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے مگر افسوس یہ ذمہ داریاں پوری نہیں ہو رہیں۔ یہ سانحہ موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کا نتیجہ عوام وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔