Uncategorized

وفاق المدارس الشیعہ دیوبندی مدارس کے دفاع کیلئے میدان میں اتر گیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ  خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رہنما اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کے دیوبندی مدارس کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ علما سے گفتگو میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ مدارس دینیہ، اسلامی علوم کے مراکز ہیں کوئی مسلمان ضروریات دین کا انکار نہیں کر سکتا۔ دینی شعار کی توہین کر کے پرویز رشید نے گستاخی کا ارتکاب کیا ہے۔ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ وہ شریعت محمدی کی توہین پر امت مسلمہ اور خداوند قدوس سے معافی طلب کریں اور توبہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چند مدارس کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے بھی تو اس کا ذمہ دار تمام مدارس کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔

علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ علما کرام نماز جمعہ کے خطبات میں مدارس دینیہ کے کردار اور ان کے خلاف عالمی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس اسلامی معاشرے کی ضرورت ہیں، جو خاتم الانبیا (ص) کے بعد آئمہ اہل بیت علیہم السلام کے ادوار اور اب حوزہ ہائے علمیہ نجف اشرف عراق، قم المقدس ایران اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں علوم قرآنی اور احادیث مبارکہ کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مدارس کے خلاف اپنے بغض کا اظہار کیا ہے مگر شاید وہ اس حقیقت سے آگاہ نہیں کہ جن ممالک سے مدارس دینیہ کا کردار ختم کیا گیا وہاں نماز پڑھانے اور قرآن و حدیث کی تعلیم دینے والے بھی نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی اس مسئلے پر خاموشی مجرمانہ ہے، وہ وضاحت کریں کہ قوم کو کیسا پاکستان دینا چاہتے ہیں؟ وفاق المدارس کے رہنما نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت نے حکومت سے مذاکرات پرویز رشید کے نازیبا ریمارکس کے خلاف احتجاج کے طور پر ختم کئے ہیں جبکہ جمعتہ المبارک کے خطبات جمعہ میں بھی مذمت کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button