سعودی حکومت کا آیت اللہ شیخ نمر کو سزائے موت کا فیصلہ واضح ظلم ہے، علامہ قاضی نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ ساتویں تاجدار امامت حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو صاحب معجزہ و کرامات ہونے کی بنا پر ”باب الحوائج“ کہا جاتا ہے۔ قرآن کی توہین اور دینی عقائد کا تمسخر اڑانے والے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو فی الفور برطرف کیا جائے۔ اسماعیلیوں کا قاتل کوئی بھی ہو، ذمہ دار حکومت ہے، سعودی حکومت نے یمنیوں سے کئے معاہدہ کی خلاف ورزی کی۔ علی مسجد ماڈل ٹاﺅن لاہور میں خطبہ جمعہ میں علامہ نیاز نقوی نے 25 رجب یوم شہادت حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی مناسبت سے ان کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے فروغ میں ان کی بے نظیر خدمات اور ان پر عباسی حکمرانوں کے ظلم و ستم کا تذکرہ کیا، جس کے تحت پیغمبر اکرم (ص) کے سلسلہء نسب کی اس عظیم ہستی کو طویل قید و بند کے بعد ہارون الرشید کے حکم سے زہر دے کر شہید کیا گیا۔ بغداد میں ان کا مزار مرجع خلائق ہے۔ جہاں دنیا بھر سے مسلمان زیارت کے لئے جاتے ہیں۔ قریب و دور سے ان کے وسیلہ سے دعائیں قبول ہونے اور لوگوں کی مشکلات دور ہونے کی وجہ سے امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو صاحب معجزہ و کرامات ہونے کی بنا پر ”باب الحوائج“ کہا جاتا ہے۔
علامہ نیاز حسین نقوی نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کے دینی مدارس کے خلاف توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے قرآن و علماء کی توہین اور عقیدہء آخرت کا تمسخر اڑانے کا سنگین جرم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا ضروریات دین کا انکار اور تمسخر دائرہ اسلام سے خارج ہونے کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا مذکورہ وزیر کے اسی جسارت آمیز رویے پر احتجاج کرتے ہوئے تمام مسالک کے مدارس کی تنظیموں کے قائدین نے حکومتی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ علامہ نیاز نقوی نے وزیراعظم سے ایسے وزیر کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ سانحہ صفورا گوٹھ پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے امام جمعہ نے کہا کہ اس دہشت گردی میں جو بھی ملوث ہو، صوبائی و وفاقی حکومتیں بری الذمہ نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہا اس المناک سانحہ پر ہم اسماعیلی برادری کے غم میں شریک ہیں۔ علامہ نیاز حسین نقوی نے یمن پر سعودی جارحیت کے ضمن میں جنگ بندی کے معاہدہ کی سعودی عرب کی طرف سے خلاف ورزی کو افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا سعودی شہریوں کے حقوق کی جدوجہد کے رہنما آیت اللہ شیخ نمر کو سزائے موت کا فیصلہ واضح ظلم ہے۔ انہوں نے کہا سعودی حکام کو اس عظیم رہنماء کے خلاف یہ انتہائی قدم اٹھانے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔