داعش و طالبان کے خلاف جذبہ حسینیؑ سے لڑنے کی ضرورت ہے، اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ دور کی باطل یزیدی قوتوں داعش اور طالبان کے مقابلے کے لئے جذبہ حسینی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر پیغام میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ موجودہ زمانے کے فسق و فجور اور اسلام کو مسخ کرنے والا دہشت گرد گروہ داعش اور طالبان ہیں، جن کے خلاف جذبہ حسینی کے ساتھ جہاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور کے حریت پسندوں نے امام حسین علیہ السلام کے مشن کو جاری رکھا اور جان قربان کر کے سرخرو ہوئے، عصر حاضر کی یزیدی قوتوں کے مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ حسینی جذبہ پیدا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج زمانے کی افراتفری، بدامنی اور بداعمالیاں فکر حسینی سے دوری کا نتیجہ ہیں، اگر ہم میں حسین ابن علی کی طرح شجاعانہ اور ایثار پر مبنی جذبہ نہیں تو ہمیں جینے کا بھی حق نہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے دنیا میں فروغ فکر حسینی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فکر شہید کربلا حریت پسندوں کی تحریکوں میں خون کی طرح دوڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تحریکیں کامیاب ہوئیں۔ آج اگر ہمیں حقیقی اسلام کی شکل کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے تو اس کے لئے حسینی جذبہ بھی پیدا کرنا ہو گا۔