صدرممنون کےبیٹے پرحملہ کرنےوالے خطرناک دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساںا دارہ) فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نے صدر ممنون حسین پر حملہ کرنے والے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف سی کے ترجمان خان واسع نے بتایا کہ حب کے علاقے رمضان گوٹھ میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔
خان واسع کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
ایف سی کے ترجمان کا دعویٰ تھا کہ دہشت گردوں کے 24 مئی کو صدر مملکت ممنون حسین کے بیٹے پر حملے میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، مزید تفتیش کے بعد معلومات کو منظر عام پر لایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار کیے گئے چاروں افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز کراچی کے قریب حب میں جمعہ خان ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا کیا گیا تھا، جس سے تین افراد ہلاک جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔