اگر افغان مہاجرین کو پاکستان لا کر آباد کیا جاسکتا ہے تو برما کے مسلمانوں کو کیوں نہیں، علامہ عباس کمیلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ آج مسلم امہ کے ممالک میں مسلمانوں کی مساجد کو سب سے زیادہ خطرہ مسلمانوں سے ہی ہے، مسلم ممالک میں دہشت گردی کی انتہا یہ ہے کہ آج سعودی عرب کی مساجد بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہیں۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے خلاف متحدہو چکے ہیں لیکن بد قسمتی سے مسلمان فرقوں میں تقسیم ہو چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج برما میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے حد تو یہ ہے کہ پوری دنیا میں برما کے مسلمانوں کے لئے زمین تنگ ہو چکی ہے اور مسلم ممالک کے حکمران ان کے لئے آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔ علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ مسلمان ہیں اگر وہ مسلمان نہ ہوتے تو ساری دنیا ان کی امداد کے لئے جمع ہوجاتی، جب پاکستان بنا تھا تو برما کے مسلمانوں نے پاکستان کی حمایت کی تھی اس لئے اب پاکستان کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ برما کے مسلمانوں کے لئے نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ انہیں پاکستان میں لا کر آباد کیا جائے، اگر افغان مہاجرین کو پاکستان لا کر آباد کیا جاسکتا ہے تو برما کے مسلمانوں کو یہاں آباد کیوں نہیں کیا جاسکتا۔