جیکب آباد میں گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کا احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جیکب آباد میں گندگی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر سی ایم او کے خلاف نعری بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گندگی اورصفائی نہ ہونے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ شاہد حسین جوادی، قسمت علی جعفری اور سجاول علی کی قیادت میں نکالا گیا جس میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے سی ایم او کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کی نا اہلی کی وجہ سے پورا شہر گندگی کی لپیٹ میں ہے جس کے نتیجے میں شہر میں موذی امراض پھوٹ پڑے ہیں، بلدیہ حکام کو شکایت کے باوجود صفائی نہیں کی جاتی، سی ایم او صادق لغاری اکثر غیر حاضر رہتا ہے ہٹایا جائے اہل اور ذمہ دار افسر مقرر کرکے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔