کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اور ڈی ایس پی فائرنگ سے جاں بحق
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک اور ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے۔ ذرائع کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع ظفر ٹاؤن میں ڈی ایس پی مجید عباسی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ مجید عباسی کو ان کی رہائش گاہ کے سامنے ہی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، ان کو انتہائی زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں جناح اسپتا لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں ہلاک ہوگئے، جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کو نائن ایم ایم پستول کی 4 گولیاں لگیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی مجید عباسی سائٹ ایریا میں تعینات تھے اور متعدد اہم مقدمات کی تفتیش کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق جس وقت ڈی ایس پی مجید عباسی کی گاڑی پر حملہ کیا گیا اس وقت وہ گھر سے سائٹ ایریا میں پولیس اسٹیشن جا رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گرد پہلے سے گھات لگائے ڈی ایس پی مجید عباسی کی گزر گاہ پر موجود تھے۔ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے مجید عباسی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ان کی ہلاکت ہوئی، ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔