عدالت عالیہ راولپنڈی میں پولیس کے ہاتھوں دونوجوان بھائیوں کی ہلاکت پر سوموٹو ایکشن لے،ایم ڈبلیو ایم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سرپرست مولانہ علی اکبرکاظمی نے تھانہ نیو ٹاون کے علاقے میں پولیس کے ہاتھوں دو نوجوانوں بھائیوں کی ہلاکت پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں پولیس گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو تقویت دے رہے ہیں۔ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے والے ادارے جب شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے شروع کر دیں گے تو پھر ملک میں امن وسکون قائم نہیں رہ سکے گا۔پولیس انتظامیہ کا یہ طرز عمل ادارے کے تقدس کو پامال کرتا جا رہا ہے۔باوردی اہلکاروں کا یوں بے گناہ شہریوں کو سر عام فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دینا پولیس کا اپنے اختیارات سے تجاوزکرنے کا واضح ثبوت ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاون اور سانحہ ڈسکہ کے بعد پولیس نے ایک بار پھر بربریت کی جو مشق دوہرائی ہے وہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے۔اگر حکومت ماضی میں ایسے عناصر پر آہنی ہاتھ ڈالتی تو آج ایک بیوہ ماں کو دو نوجوان بیٹوں کی لاشیں نہ دیکھنی پڑتیں۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سو موٹو ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران کو عدالت عالیہ میں طلب کریں اور ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزادی جائے۔
اسلام آباد ( ) مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد نے کوئٹہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور برما میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف اسلام آباد پریس کلب کے سامنے ایک مظاہرہ کیا۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری انجینئر ظہیر نقوی نے کہا کہ حکومت اگر دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو پھر بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں پر بھرپور آپریشن کرے۔دہشت گردی کے یہ مراکز پاکستان کی سالمیت و بقا کے خلاف سخت خطرہ ہیں۔ ضرب عضب کا دائرہ کارکو پھیلا کر ملک کے ہر اس کونے تک وسعت دی جائے جہاں جہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار ان گھناونی سرگرمیوں میں معاون کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جب تک انہیں تختہ دار پر نہیں لٹکایا جاتا تب تک ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ظہیر نقوی نے کہا کہ برما میں بے گناہ مسلمانوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا جا رہا ہے۔جو مسلمان بچ گئے ہیں وہ بھی ظلم سے محفوظ نہیں ہیں۔اس صورتحال میں پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو روہنگیا کے مسلمانوں کے حق میں عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔مظاہرہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما ملک اقرار حسین، ڈپٹی مسؤل مرکزی آفس ارشاد حسین بنگش, مدثر کاظمی سمیت بیشتر کارکنان اور عہدیدران نے شرکت کی