بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہے,علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہے پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، سلامتی کونسل سمیت بین الاقوامی ادارے اس طرح کی ہرزہ سرائی کا نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت کابینہ کے دیگر وزراء کی جانب سے اس طرح کی بیان بازی نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ بھارت نے اپنا اعتراف جرم کر لیا ہے کہ وہ پاکستان میں امن و استحکام نہیں چاہتا۔ حالانکہ پاکستان اور پاکستانی عوام خطے میں امن و امان کے خواہاں ہیں۔
علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ لیکن اس وقت ہندوستان ایک غیر ذمہ دار ایٹمی ریاست کا کردار ادا کررہا ہے جس کا عالمی اداروں کونوٹس لینا چاہیئے۔