حکومت رمضان المبارک میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے، حاجی امیر عباس مرزا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے عزاداری سیل کے چیئرمین حاجی امیر عباس مرزا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مبارک ایام میں مساجد و امام بارگاہوں میں فول پروف سکیورٹی کا انتظام کیا جائے، دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے، انشااللہ آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہیگی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں حکومت ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کرے اور روزہ داروں کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے، سحر و افطار اور شبہائے قدر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے، رمضان المبارک امت مسلمہ کو صبر، شکر اور رب ذوالجلال کے حضور گناہوں سے بخشش طلب کرنے کا مہینہ ہے، ہمیں اس ماہ مبارک میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لئے سکیورٹی اداروں کیساتھ ساتھ مقامی رضاکاروں کی خدمات بھی بروے کار لائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورت حال کا تدارک ممکن ہو سکے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، حکومت کالعدم شدت پسند گروہوں کو رمضان المبارک میں فطرانہ اور چندہ جمع کرنے پر پابندی لگائے، یہ گروہ عوام کو ہراساں کر کے فنڈ وصول کرتے ہیں جو دہشت گردی کے لئے استعمال کرتے ہیں، انشااللہ وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گا اور شرپسند ہمیشہ کے لئے ناکام ہوں گے۔