مومن پورہ قبرستان کو مسمار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، علامہ سبطین سبزواری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پنجاب، تنظیم شیعہ شہریان اور تاجر تنظیموں کے زیراہتمام اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی آڑ میں قدیمی مومن پورہ قبرستان کو مسمار کرنے کے حکومتی عزائم کے خلاف لکشمی چوک میکلوڈ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت ایس یو سی کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کی۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا حسن رضا قمی، تنظیم شیعہ شہریان کے چیئرمین مولانا وقارالحسنین نقوی، جمعیت علماء پاکستان نیازی کے رہنما ڈاکٹر امجد حسین چشتی، تاجر رہنما محمد ریاض اور دیگر بھی شامل تھے۔ شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ منصوبے کے لئے متبادل راستہ اختیار کیا جائے۔ شعائراللہ کو مسمار کرنا توہین اسلام ہوگی۔ جس کی اجازت اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کسی کو نہیں دی جاسکتی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے حکومتی منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبروں کی بے حرمتی اور انہیں مسمار کرنا طالبان اور داعش کی دہشت گردی ہے۔ جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مومن پورہ قبرستان 850 سالہ تاریخ رکھتا ہے۔ جہاں مذہبی، عسکری، ملی اور ادبی شخصیات مدفون ہیں، ان کی مسماری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمران اقتدار کے نشے میں کسی غیر انسانی، غیر اخلاقی اور غیر اسلامی اقدام کے ذریعے عذاب الٰہی کو دعوت نہ دیں، قبرستان شعائراللہ میں سے ہے، جن کا احترام واجب ہے، کسی طالبانی اور داعشی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے، اگر کوئی تکبر میں مبتلا ہے تو یاد رکھے کہ مومن پورہ قبرستان کو ہماری لاشوں پر سے گزر کر ہی مسمار کیا جاسکتا ہے۔ لاہور میں تحریک کو مزید تیز کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو پورے پنجاب تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جاسکتا ہے۔