مجلس وحدت مسلمین نے لوڈشیڈنگ کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منایا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ، سندھ میں ہزاروں غریب عوام کے ہلاکتوں اور حکومتی بے حسی کیخلاف یوم احتجاج و یوم دعا منایا گیا۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، چونیاں، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، مظفر گڑھ، جہلم، راوالپنڈی سمیت دیگر اضلاع و تحصیلوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا گیا، جہاں سندھ میں گرمی اور لوڈشیڈنگ کے سبب جان بحق ہونے والوں کے ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کے الیکٹرک کیخلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں اور کارکنان کی بڑی تعدا نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل لاہور علامہ سید امتیاز کاظمی کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو مشکل میں تنہا چھوڑنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے انسانیت کی توہین کی، کراچی میں ہزار سے زائد اموات کے ذمہ داروں کو سزا نہ ملی تو ملک خونی انقلاب کی طرف بڑھے گا، عوام میں اب قوت برداشت ختم ہو چکی ہے، آئے دن سیاست دانوں کے کالے دھن اور ملکی دشمنی کی خبروں نے ان نا اہل حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بحران روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، وزراء اور سیاست دان غریب عوام کا مذاق اڑانے میں مصروف ہیں، پاکستان دنیا کا پہلا جمہوری ملک ہے کہ جہاں کی جمہوری حکومت ہزاروں افراد کے حکومتی نااہلی سے ہلاکتوں کے بعد بھی اقتدار پر قابض ہیں، اگر اس کو جمہوریت کا نام دینا ہے تو عوام ایسی جمہوریت پر سو بار لعنت بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج اپنی اعلیٰ عدلیہ سے مکمل مایوس ہیں، چھوٹی چھوٹی باتوں پر سو موٹو ایکشن لینے والی عدالتیں آج ہزاروں انسانوں کی حکمرانوں کے نااہلی سے ہلاکتوں پر خاموشی المیہ سے کم نہیں، دہشت گردی، کرپشن، لوڈشیڈنگ سمیت دیگر ملکی معاملات کو افواج پاکستان نے ہی درست کرنا ہے تو ان نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے کے لئے ملک کیوں مسلط کیے ہوئے ہیں؟ حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ وہ دن دور نہیں جب انقلاب فرانس کی طرح پاکستان میں بھی ان غاصب سیاست دانوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور ان لٹیروں کو ملک میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔