عزاداری پر کوئی قدغن قبول نہیں کرینگے، مولانا موسٰی رضا جسکانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )شیعہ علماء کونسل پنجاب کے سینیئر نائب صدر مولانا موسٰی رضا جسکانی کہا ہے کہ فورتھ شیڈول انسانی اور جمہوری قدروں کی نفی ہے، اسے واپس لیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے ساتھ ہیں، عزاداری پر کوئی قدغن قبول نہیں کریں گے۔ شعبہ اطلاعات کی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا موسٰی جسکانی نے کہا کہ پرامن شہریوں کو فورتھ شیڈول کے ذریعے تنگ کیا جا رہا ہے۔ ان کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ گھروں اور گاڑیوں کی تلاشیاں ایسے لی جا رہی ہیں جیسے کوئی بدمعاش ہوں، لیکن دہشت گرد تکفیری گروہ کو حکومت نے کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلنس پالیسی کے تحت دہشت گردوں کے ساتھ پرامن شہریوں کو بھی فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کی شہری آزادیوں کو چھیں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ سے بار بار کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں اور عام شہریوں میں فرق کرے، مگر ایسا نہیں ہو رہا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، وزیراعلٰی پنجاب اور وزیر داخلہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تکفیری دہشت گرد گروہ نے ملک میں اپنی منفی اور تخریبی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں مگر حکومتی ادارے انہیں پوچھنے کو تیار نہیں۔ مساجد اور امام بارگاہوں میں لاوڈ سپیکر پر سوائے اذان کے ہر طرح کی تقریر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حتٰی کہ ایک طبقے کو خوش کرنے کے لئے درود و سلام پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ جس پر اہل سنت برادران کو شدید احتجاج کرنا پڑا۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے ساتھ ہیں۔ ضرب عضب سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عزاداری سیدالشہداء ہماری شہ رگ حیات ہے۔ مذہبی حقوق کے لئے مزید قربانیاں دینی پڑیں تو دریغ نہیں کریں گے، مگر عزاداری سیدالشہداء پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔