سندھ میں دہشتگردوں اور کرپٹ افسران کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سندھ کابینہ کے اجلاس میں مفرور دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی، کرپشن میں ملوث افسران کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، وفاق کی جانب سے ایف آئی اے کو اختیارات دیئے جانے کا جائزہ لیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زمین الاٹ کرنے سمیت دیگر امور بھی زیرِ بحث رہے۔ اجلاس میں لیاری گینگ وار سمیت مفرور دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کسی بھی محکمے کا افسر کرپشن کرے تو اسے معطل کرکے مقدمہ درج کرایا جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی اب وزراء اور مشیر کریں گے، جو ہر ماہ وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں گے، اجلاس میں گھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کہ ہر محکمے میں گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی کرکے انہیں فارغ کیا جائے۔