Uncategorized

وزیر داخلہ پنجاب نے یونیورسٹیز میں مشکوک تبلیغی طلباء کی مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی زیرصدارت لاہور میں پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ اعظم سلمان خان، آئی جی پولیس مشتاق احمد سکھیرا، کاؤنٹر ٹیررازم فورس، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پنجاب کی تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی یونیورسٹیز کے ہاسٹلز کی مانیٹرنگ کریں اور ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو غیر طالب علم ہونے کے باوجود ہاسٹلز میں رہائش پذیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاسٹلز میں مقیم طلباء سے ملاقات کے لئے آنے والوں کی بھی سکریننگ کی جائے، اس کے ساتھ ساتھ طلباء کو لیکچر کے لئے ایسے پروفیسرز کو بلایا جائے جو غیر متنازع ہوں اور ان کا کسی کالعدم جماعت کے ساتھ تعلق نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی حکام سکیورٹی کلیئرنس کے بعد مہمانوں کو بلائیں، وائس چانسلرز مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر انسداد دہشت گردی فورس سے رابطہ کریں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یونیورسٹیز کے حدود میں واقع مساجد کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے، مسجد میں رات کے وقت کسی کو قیام کی اجازت نہ دی جائے، کسی فکلیٹی ممبر کا تعلق انتہا پسند نظریہ رکھنے والی جماعت یا کالعدم تنظیم کے ساتھ ہے تو اس کی بھی فوری نشاندہی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ طلباء کی جانب سے کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر انسداد دہشت گرد ڈیپارٹنمٹ کے ٹال فری نمبر 080011111 پر دیں، کاؤنٹر ٹیررازم فورس کے ریجنل ہیڈز جلد وائس چانسلرز سے رابطہ کریں گے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹس ہیں کہ انجینئرنگ اور میڈیکل یونیورسٹیز میں تبلیغ کے نام پر طلباء کو ساتھ ملایا جا رہا ہے، اس لئے یہ سلسلہ بند کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ نیشنل کاز ہے، تمام وائس چانسلرز سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے سلسلہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button