علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں قدس ریلیاں منعقد ہونگی،شیعہ علماء کونسل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادار ہ)شیعہ علماء کونسل پاکستان نے ہر سال کی طرح امسال بھی یوم القدس کو بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے، اسی سلسلے میں مرکزی القدس کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی کمیٹی کے سربراہ سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں کمیٹی کے نائب سربراہ علامہ عارف حسین واحدی سمیت دیگر تنظیم عہدیداروں و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر القدس ریلیوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ علامہ حسین واحدی نے اجلاس کو القدس ریلیوں کے حوالے سے بریفنگ دی، بعد ازاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی 22 رمضان المبارک، 10 جولائی 2015ء بروز جمعۃالمبارک کو ملک بھر میں یوم القدس بھر پور طریقے سے منایا جائیگا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر چھ دہائیوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور بیت المقدس کی یہودی تسلط سے آزادی کیلئے اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ظلم و بربریت کے وہ پہاڑ توڑے ہیں جن کی مثالیں ڈھونڈے نہیں ملتیں، یوم القدس ہر سال کی طرح امسال بھی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلئے کیوں آواز بلند نہیں کی جاتی، کیوں انسانی حقوق کی تنظیموں کو بشیریت کے مسلے جانیوالے حقوق نظر نہیں آتے، کیوں گلی گلی اور کوچوں میں معصوم بچوں کا بہتا ہوا خون نظر نہیں آتا، کیا خون مسلم اتنا ارزاں ہو گیا ہے کہ بین الاقوامی دنیا کی طرح اسلامی دنیا میں بھی شہر خموشاں جیسی بے حسی و خاموشی نظر آرہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے صوبائی و ضلعی القدس کمیٹیوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ قبلہ اول بیت المقدس کی اسرائیلی تسلط سے بازیابی کیلئے نکالی جانیوالی القدس ریلیوں بارے عوام میں بھی آگاہی مہم تیز کریں اور مختلف مکاتب فکر سے بھی اس سلسلے میں رابطے کرکے انہیں دعوت فکر دیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، انہوں نے کہا کہ القدس ریلیوں میں تمام مکاتب فکر اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا جائیگا۔ آبپارہ اسلام آباد میں حسب سابق ریلی نکالی جائیگی۔